Show download pdf controls
  • ٹیکس دہندگان کا چارٹر – آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے

    پیش لفظ

    آسٹریلیا کے ٹیکس اور سپراینوایشن (superannuation) کے سسٹم معاشرے کے اثاثے ہيں جو آسٹریلیا میں ہمارے طرز زندگی کو سپورٹ کرتے ہیں جس سے ہم لطف اندوز ہوتے ہيں۔ ان کی دیکھ بھال اور انہیں جاری وساری رکھنے میں ہم سب کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

    Australian Taxation Office (ATO) اپنی مرضی سے ٹیکس اور سپراینوایشن سسٹمز میں شرکت کرنے کی حوصلہ افزائی کرکے آسٹریلیا کے باشندوں کی معاشی اور سماجی دیکھ بھال میں مدد دیتا ہے، جس میں حکومتی امداد تک رسائی بھی شامل ہے۔

    آسٹریلوی باشندے قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرکے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

    ہمارا آپ کے ساتھ رشتہ باہم اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہے۔ ہم اس رشتے کو مندرجہ ذیل طریقوں سے مضبوط بناتے ہيں:

    • آپ کو ایک ایسی سروس فراہم کرکے جو پیشہ ورانہ، مہذب اور بروقت ہو
    • آپ کے ساتھ منصفانہ اور باعزت برتاؤ کرکے
    • آپ سے آپ کے حالات اور پچھلی دفعہ قانون پر عملدرآمد کے برتاؤ کی بنیاد پر معاملات کرکے
    • آپ کے لئے چیزوں کو جتنا ممکن ہوسکے آسان بنا کر
    • ان لوگوں کو اسپورٹ کرکے جو ان سسٹمز میں باقاعدہ طور پر حصہ لینا چاہتے ہوں
    • آپ اور معاشرے کے ساتھ معاملات کو کھلا، شفاف اور جواب دہ بنا کر
    • اپنی خدمات کی فراہمی کو بہترین طور پر بااثر بنا کر۔

    ٹیکس دہندگان کا چارٹر (چارٹر) آپ کے حقوق کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ اس بات کو واضح کرتا ہےکہ آپ ہم سے ٹیکس اور سپراینیوشن سسٹمز کی دیکھ بھال کرتے ہوئے کس چیز کی توقع کرسکتے ہيں۔ ہم آپ کے ساتھ اپنے تمام معاملات کے دوران مندرجہ ذیل چیزوں کا عہد کئے ہوئے ہيں۔

    تعارف

    چارٹر آپ سے یا آپ کی پسند کے نمائندے سے معاملات کرتے ہوئے ہمارے طرزعمل کا احاطہ کرتا ہے۔

    یہ ہر ایسے شخص کے لئے ہے جو ہم سے ٹیکس، سپراینوایشن، ایکسائز یا دیگر ایسے قوانین کے بارے میں معاملات کرتا ہے جن کا ہم نظم وانتظام کرتے ہيں۔

    اس سے آپ کو مندرجہ ذیل سمجھنے میں مدد ملے گی:

    • آپ کے حقوق اور ذمہ داریاں
    • آپ ہم سے کیا توقع کرسکتے ہيں۔
    • جب آپ مطمئن نہ ہوں تو ایسی صورت میں آپ کیا کرسکتے ہيں

    جب ہم 'آپ' اور 'آپ کا\کی' کے الفاظ استعمال کرتے ہيں تو ان سے مراد ذاتی طور پر آپ یا ایسا شخص ہے جسے آپ نے اپنے نمائندے کے طور پر نامزد کیا ہے۔

    ''ہر ایک' سے مراد 'ہم' اور 'آپ' ہیں۔

    آپ کے حقوق

    آپ ہم سے توقع کرسکتے ہیں کہ ہم:

    آپ کے ساتھ منصفانہ اور مناسب برتاؤ کرنا

    ہم:

    • آپ کے ساتھ شائستگی، توجہ اور عزت سے پیش آئيں گے
    • ایمانداری اور دیانتداری کا مظاہرہ کریں گے
    • کسی میں تفریق نہيں کریں گے
    • آسٹریلوی معاشرے کے تنوّع کی عزت کریں گے اور اس معاملے میں حساس رویّہ اپنائیں گے
    • قانون کے مطابق منصفانہ اور مساوی فیصلے کریں گے
    • آپ کی تشویشات، مسائل اور شکایات کو منصفانہ انداز میں اور جتنی جلدی ممکن ہوسکا حل کریں گے۔
    • منصفانہ اور مساوی فیصلے کریں گے
    • آپ کی بات سنیں گے اور آپ کے حالات کو اس حد تک دھیان میں رکھیں گے جس کی قانون ہمیں اجازت دیتا ہے۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کو ایماندار سمجھنا جب تک کہ آپ اس کے برعکس اقدامات نہ کریں

    ہم مانتےہيں کہ آپ نے ہمیں جو معلومات فراہم کی ہیں وہ مکمل ہیں اور درست ہيں جب تک کہ ہمارے پاس انہيں نہ ماننے کی کوئی وجہ نہ ہو۔

    عموما، ہم آپ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو ان کی ظاہری صورت میں قبول کرلیتے ہیں اور، ان معلومات کی بنیاد پر، ہم اپ کے ٹیکس کا تخمینہ لگاتے ہيں۔

    ہم تسلیم کرتے ہيں کہ کئی دفعہ لوگوں سے غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ ہم غلطیوں اور جان بوجھ کرکئے جانے والے اقدامات میں فرق کرنے کے لئے آپ کو وضاحت کرنے کا موقع دیتے ہیں۔ ہم آپ کی بات سنتے ہيں اور آپ کی دی گئی وضاحت پر دھیان دیتے ہيں۔

    ہم یہ یقینی بنانے کے ذمہ دار ہيں کہ ہر ایک ان قوانین پر عمل کرے جن کا ہم نظم وانتظام کرتے ہیں۔ آپ کی معلومات پر نظرثانی کرنے کا مطلب یہ نہيں ہے کہ ہم آپ کو دیانتدار نہيں سمجھتے، لیکن اگر ہمیں تضادات نظر آئیں تو ہم مزید اقدامات اٹھا سکتے ہيں۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کو پیشہ وارانہ خدمت اور مدد کی پیشکش کرنا

    آپ ہم سے فائدہ مند اور پیشہ ورانہ تعلقات کی توقع کرسکتے ہيں کیونکہ ہم:

    • آپ کو آپ کے حقوق اور استحقاقات سمجھنے میں مدد کرتے ہیں۔
    • آپ کو ذاتی خدمت فراہم کرتے ہیں، آپ کو اپنا تعارف کرواتے ہوئے اپنا نام بتاتے ہیں، تاہم کچھ حالات میں ہوسکتا ہے کہ ہم اپنی شناخت کا کوئی اور ذریعہ استعمال کریں
    • آپ کو رابطے کی معلومات فراہم کرتے ہيں تاکہ ضرورت پڑنے پر آپ مزید معلومات حاصل کرسکیں
    • اگر آپ کا سوال پیچیدہ ہو تو ایسی صورت میں آپ کا رابطہ کسی ایسے شخص سے کرواتے ہيں جو اس صورتحال میں آپ کی مدد کرسکے
    • آپ سے دیئے گئے وقت پر رابطہ کرتے ہیں
    • اگر آپ کے سوال کا موقع پر جواب نہ دیا جاسکے تو آپ کی رابطہ معلومات حاصل کرتے ہيں اور جتنی جلدی ممکن ہوسکے آپ کو جواب دیتے ہیں
    • آپ کے سوالات اور درخواستوں کا بروقت جواب دینے کی کوشش کرتے ہيں۔
    • اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہيں، معذرت کرتے ہيں اور انہیں جتنی جلدی ممکن ہوسکے درست کرتے ہیں
    • اپنی شائع کردہ معلومات میں اور آپ سے بات کرتے ہوئے یا آپ کو خط لکھتے ہوئے سادہ اور واضح زبان استعمال کرتے ہيں
    • اپنی ویب سائٹ پر ہم اپنی کچھ معلومات کو انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں فراہم کرتے ہیں (دیگر زبانوں میں معلومات دیکھیں)
    • آپ کو تجویز اور معلومات ڈیجیٹل طریقے سے مہیا کرتے ہيں ماسوائے جب غیر ڈیجیٹل فارمیٹ زيادہ موزوں ہو۔
    • مندرجہ ذیل کے ذریعے مشورے اور معلومات تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔
      • 13 14 50 Translating and Interpreting Service
      • National Relay ServiceExternal Link (جو لوگ بہرے ہيں یا جنہيں سننے اور بولنے میں مسائل کا سامنا ہے)
      • انڈیجنس (Indigenous) ہیلپ لائن 13 10 30
       

    تسلیم کرنا کہ آپ کی پسند کا شخص آپ کی نمائندگی کرسکتا ہے اور تجویز دے سکتا ہے

    آپ ہمارے ساتھ معاملات اور بات چیت کرنے کے دوران مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ مختلف معاملات میں مختلف لوگ آپ کی نمائندگی کرسکتے ہيں۔ مدد میں ٹیکس ریٹرن، ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹس، اسیسمنٹس کے خلاف اعتراضات تیار کرنا اور اپنے معاملات کے بارے میں تجویز حاصل کرنا شامل ہے۔

    آپ اس صورت میں بھی ہمیں فراہم کردہ معلومات کے درست ہونے کے ذمہ دار ہیں، جب کوئی اور شخص، بشمول ایک رجسٹرڈ ٹیکس ایجنٹ، آپ کو ٹیکس ریٹرن یا دیگر ٹیکس دستاویز تیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی شخص آپ کی نمائندگی کرے یا آپ کے معاملات کے بارے میں ہم سے بات چیت کرے تو آپ کو ہمیں آگاہ کرنا ہوگا۔

    زیادہ تر صورتوں میں، آپ کسی بھی شخص کاانتخاب کرسکتےہيں کہ وہ آپ کی مدد کرے لیکن قانون میں طے ہے کہ اس مدد کے عوض کون کون آپ سے فیس لے سکتا ہے۔ عموما، ٹیکس ایجنٹ خدمات کے عوض صرف رجسٹرڈ ٹیکس ایجنٹ یا BAS ایجنٹ (رجسٹرڈ ایجنٹ) ہی فیس وصول کرسکتے ہیں۔

    Tax Practitioners Board ٹیکس ایجنٹ خدمات کی فراہمی کو ریگولیٹ کرنے کا ذمہ دار ہے۔

    اگر آپ کسی نمائندے کا انتخاب کرتے ہيں تو چارٹر کے تحت اس کے وہی حقوق اور ذمہ داریاں ہوں گی جو کہ ذاتی طور پر آپ کی ہیں۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کی پرائیویسی کا احترام کرنا

    ٹیکس اور سپراینوایشن قوانین کا نظم و انتظام کرنے کے لئے ہم آپ کے بارے میں معلومات اکٹھی کرتے ہیں۔ ہم یہ معلومات آپ سے یا دیگر تیسری پارٹیوں سے حاصل کرسکتے ہیں جیسے کہ آپ کا نمائندہ، دیگر حکومتی ایجنسیاں اور بینک۔ ہم آپ کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہيں اور آپ کی معلومات کو بصیغۂ راز رکھتے ہیں۔ کچھ مخصوص حالات میں، قانون ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ہم آپ کی معلومات دوسروں کو فراہم کریں۔ مثال کے طور پر، ہمارے پاس ڈيٹا کو میچ کرنے کے پروگرام ہیں جو ڈیٹا میچنگ کی تمام حکومتی گائيڈلائںزExternal Link کے پابند ہیں۔

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے آپ کی ٹیکس معلومات کی رازداری متاثر ہوئی ہے تو پہلے قدم کے طور پر آپ کو یہ معاملہ اس ٹیکس افسر کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے جس کے ساتھ آپ بات چیت کرتے رہے ہيں (یا فراہم کردہ نمبر پر فون کریں)۔

    اگر آپ مطمئن نہ ہوں تو ٹیکس افسر کے مینجر سے بات کریں۔ اگر آپ پھر بھی مطمئن نہيں ہیں تو آپ شکایات فارم استعمال کرکے یا 1800 199 010 پر فون کرکے شکایات درج کرواسکتےہيں۔

    پرائیویسی کمشنر

    اگر ہماری جانب سے آپ اپنی شکایت پر کئے جانے والے اقدامات سے مطمئن نہيں ہیں تو ہوسکتا ہے کہ
    Privacy Commissioner آپ کی مدد کرسکے۔ Privacy Commissioner کے بارے میں مزید معلومات ان کی ویب سائٹ privacy.gov.auExternal Link پر دستیاب ہیں یا آپ 1300 363 992 پر فون کرسکتے ہيں۔

    مزید دیکھیں:

    ہمارے پاس موجود آپ کی معلومات کو بصیغۂ راز رکھنا

    ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم آپ کی معلومات کو محفوظ اور بصیغۂ راز رکھیں۔ ہم پر مندرجہ ذیل کا اطلاق ہوتا ہے:

    ہم آپ کی ذاتی معلومات کی حفاظت اور رازداری کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہيں۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رکھے ہيں کہ ہمارے پاس موجود آپ کا ڈیٹا اور آن لائن ٹرانزیکشنز محفوظ رہیں۔

    ہم آپ کے بارے میں معلومات کو محض اسی صورت میں دیکھ سکتے ہيں، ریکارڈ کرسکتے ہيں یا افشاء کرسکتے ہيں جب ایسا کرنا ہمارے کام کا ضروری حصہ ہو یا جب قانون ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہو۔ ہم اپنی فراہم کردہ سروس کے معیار پر نظر رکھنے کے لئے فون کالز ریکارڈ کرتے ہيں یا جہاں ضروری ہو قانون کے نظم وانتظام کے لئے ایسا کرتے ہيں۔ آپ کی معلومات کے افشاء کرنے کی عمومی وجوہات میں حکومتی امداد کے لئے آپ کی اہلیت چیک کرنا اور قانون کی عملداری شامل ہیں۔

    اگر آپ اپنے معاملات پر بات چیت کرنے کے لئے ہم سے رابطہ کرتے ہيں تو آپ کے پاس اپنی شناخت کا ثبوت ہونا لازمی ہے۔ ایسا کرنے سے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ معلومات محض آپ کو یا ایسے شخص کو ہی فراہم کی جائيں جو یہ ثابت کرسکتا ہو کہ اسے آپ کی نمائندگی کرنے کی اجازت حاصل ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ ہمیں فون کرتے ہیں تو آپ اپنی تاریخ پیدائش، اپنا پتہ (ہمیں پہلے سے فراہم کردہ) اور ATO کے جاری کردہ نوٹس (notice) کی تفصیلات فراہم کرکے اپنی شناخت ثابت کرسکتے ہيں۔ آپ کے حالات کی بنیاد پر دیگر معلومات کو بھی شناخت کے ثبوت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    مزید دیکھیں:

    ہمارے پاس موجود آپ کی معلومات تک آپ کو رسائی دینا

    فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ 1982 (FOI ایکٹ) آپ کو ہمارے پاس موجود دستاویزات میں آپ کی معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔ آپ ان دستاویزات تک بھی رسائی حاصل کرسکتے ہيں جن سے ہمیں فیصلے لینے میں مدد ملتی ہے، جیسے کہ عوامی فیصلے (پبلک رولنگ)، ATO کے طریقۂ کار اور گائیڈلائنز۔

    اگر آپ ہماری ایسی دستاویزات تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہيں جو آپ کو آن لائن دستیاب نہيں ہیں تو پہلے ہم سے رابطہ کریں۔ ہم اکثر مانگی جانے والی دستاویزات کی نقول فریڈم آف انفارمیشن درخواست کے بغیر ہی فراہم کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر حالیہ نوٹسز آف اسیسمنٹ کی نقل مفت دستیاب ہے۔ ہم کسی بھی طرح کے حالیہ ٹیکس ریٹرن کی نقول بھی فراہم کرسکتے ہيں، تاہم ان کے لئے تھوڑی سی فیس ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔

    اگر آپ سمجھتے ہيں کہ ہمارے پاس موجود آپ کی معلومات نامکمل ہيں، غلط ہيں، پرانی ہیں یا گمراہ کن ہيں تو آپ کو حق حاصل ہے کہ آپ ہمیں ان معلومات میں تبدیلی کرنے کے لئے کہہ سکتے ہیں۔

    ہو سکتا ہے کہ ہم کچھ دستاویزات تک آپ کو رسائی نہ دیں کیونکہ ان پر FOI ایکٹ کا اطلاق نہيں ہوتا – مثال کے طور پر، اگر مناسب طور پر یہ شبہ ہو کہ دستاویزات افشاء کرنے سے کسی تحقیق میں جانبداری کا خطرہ ہے یا ایسا کرنے سے قانون کے نظم و انتظام میں رکاوٹ آسکتی ہے۔

    فریڈم آف انفارمیشن کی درخواستوں پر آنے والے اخراجات قانون میں طے ہیں۔

    مزید دیکھیں:

    معاملات کی درست ادائیگی کرنے میں آپ کی مدد کرنا

    ہمارا مقصد یہ ہے کہ آپ کو درست، یکساں اور واضح معلومات فراہم کی جائيں تاکہ آپ کو اپنے حقوق اور استحقاقات سمجھنے میں مدد مل سکے اور آپ اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکيں۔

    ہماری معلومات میں قانون کے عمومی اطلاق کے بارے میں شائع کردہ معلومات سے لے کر آپ کے ذاتی حالات کے بارے میں موزوں تجویز شامل ہيں۔

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہماری شائع شدہ معلومات آپ کے حالات کا مکمل احاطہ نہيں کرتیں، یا آپ کو سمجھ نہيں آ رہی کہ ان کا آپ پر کیسے اطلاق ہوگا تو ہم سے یا کسی پیشہ ور صلاح کار سے رابطہ کریں تاکہ آپ کو یہ سمجھنے میں مدد مل سکے کہ کونسی معلومات آپ کی ضروریات کے لئے مناسب ترین ہیں۔

    اگر ہماری معلومات غلط یا گمراہ کن ہيں

    اگر آپ ہماری معلومات پر عمل کریں اور پتہ چلے کہ یہ غلط یا گمراہ کن ہيں، اور اس کے نتیجے میں آپ سے غلطی ہوجائے، اور اگر ہم نے کوئی ایکشن لینے کا فیصلہ کیا تو ہم اس بات کو دھیان میں رکھیں گے۔

    ہماری معلومات تک رسائي کیسے حاصل کی جائے

    آپ ہماری ویب سائٹ سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، یا ہم آپ کو اپنی شائع شدہ مطبوعات بذریعہ ڈاک بھیج سکتے ہیں۔ ہم جتنا ممکن ہوسکا اپنی معلومات تک آپ کی رسائی کو آسان بنائيں گے اور آپ کو ہم سے رابطہ کرنے کے تمام دستیاب طریقے بتائیں گے۔ آپ:

    مزید دیکھیں:

    آپ کے بارے میں کئے گئے اپنے فیصلوں کی وضاحت کرنا

    ہم آپ کے معاملات کے بارے میں جو فیصلہ کرتے ہيں اس کی آپ کو وضاحت بتاتے ہيں اور آپ کو ATO کی اس ٹیم کا رابطہ نمبر یا ای میل دیتے ہیں جو آپ کا کیس ہینڈل کررہی ہو۔ ہم اپنے فیصلے کی واضح تشریح کریں گے۔ اگر آپ کے کوئي سوالات ہيں، آپ سمجھتے ہيں کہ ہم نے کوئی غلطی کی ہے، یا اپنے فیصلے کی مناسب وجوہات نہیں بتائیں تو آپکو یا آپ کے نامزد نمائندے کو چاہئے کہ وہ ہمارری فراہم کردہ رابطے کی تفصیلات کی مدد سے ہم سے رابطہ کریں۔

    عموما، ہم اپنے فیصلے کی وضاحت تحریری طور پر کرتے ہیں۔ اگر ہم آپ کو اپنے فیصلے سے زبانی طور پر آگاہ کریں تو ہم اس کی وضاحت موقع پر ہی کریں گے۔ کچھ بہت محدود صورتوں میں، ہم اپنے فیصلوں کی مکمل طور پر وضاحت نہيں کر پائيں گے، اگرچہ ہم پھر بھی جتنا ممکن ہوسکا زيادہ سے زيادہ معلومات دیں گے۔ مثال کے طور پر، اگر:

    • کوئي اور شخص بھی معاملے میں شامل ہو تو اپنے فیصلے کے بارے میں معلومات افشاء کرنے سے اس کی پرائیویسی یا ٹیکس قوانین کی رازداری کی شق کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
    • ہمیں فراڈ کا شک ہوا تو ہوسکتا ہے کہ ہم معلومات جاری نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے ہماری تحقیقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔

    انتظامی فیصلوں (عدالتی نظرثانی) ایکٹ Administrative Decisions (Judicial Review) Act 1977 - ADJR کے تحت آپ کے ٹیکس معاملات کے سلسلے میں کئے گئے ہمارے کچھ فیصلوں کی تحریری وجوہات آپ کو مفت مل سکتی ہيں۔ ایکٹ تمام فیصلوں کا احاطہ نہيں کرتا اور کچھ اہم فیصلے مستثنی ہیں – مثال کے طور پر، اسیسمنٹس کے بارے میں فیصلے۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کے نظرثانی کے حق کا احترام کرنا

    ہم جب آپ کے معاملات کے بارے میں آپ کا فیصلہ سناتے ہیں تو ہم اس بات کی وضاحت کرتے ہيں کہ آپ کس طرح سے اس فیصلے پر نظرثانی کرواسکتے ہيں اور آیا نظرثانی کی درخواست کی کوئی آخری تاریخ ہے۔

    اگر نظرثانی کی ایک سے زیادہ صورتیں ہوں تو ہم وضاحت کریں گے کہ ان میں کیا فرق ہے۔ کچھ نظرثانیوں میں قانون کے بارے میں اٹھائے گئے سوالات دیکھے جائیں گے جبکہ دوسری نظرثانیوں میں یہ پرکھا جائے گا کہ کیا ہم نے فیصلے پر پہنچنے کے لئے درست طریقۂ کار کا استعمال کیا ہے۔

    ہم مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اگر ہم نے غلطی کی ہے تو ہم اسے اس انداز میں حل کرنا چاہتے ہيں کہ جس سے ہم دونوں کا کم سے کم خرچہ آئے۔

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم کسی فیصلے پر نظرثانی کریں تو فراہم کردہ رابطے کی معلومات استعمال کریں۔

    ایک ایسا خودمختار افسر نظرثانی کرے گا جس نے اصل فیصلے میں حصہ نہ لیا ہو۔

    اگر آپ نظرثانی کے بعد ہمارے فیصلے سے متفق نہيں ہیں تو آپ ایک آزادانہ بیرونی نظرثانی کے لئے کہہ سکتے ہیں۔ کچھ فیصلوں کے لئے آپ کے پاس یہ موقع ہوگا کہ آپ ایڈمنسٹریٹو اپیلز ٹریبونل میں درخواست دے سکیں گے یا فیڈرل کورٹ میں اپیل دائر کرسکیں گے۔ ہم مقدمے لڑنے کی اپنی قابل تقلید ذمہ داریاں پوری کریں گے جن میں عدالتوں، ٹریبونلز، انکوائریوں، ثالثیوں اور تنازعات حل کرنے کے دیگر متبادل طریقوں کے لئے تیاری کرنا اور ان میں حاضر ہونا شامل ہے۔

    مزید دیکھیں:

    زر تلافی

    کچھ صورتوں میں ہوسکتا ہے کہ آپ زر تلافی کے اہل ہوں۔ اگر آپ سمجھتے ہيں کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے آپ کو براہ راست مالی نقصان ہوا ہے تو زرتلافی کی درخواست کے طریقۂ کار کے بارے میں جاننے کے لئے آپ ہماری ویب سائٹ پر جاسکتے ہیں یا زرتلافی کے لئے ہماری ٹول فری ہیلپ لائن 1800 005 172 پر ہم سے رابطہ کرسکتے ہيں۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کے شکایت کرنے کے حق کا احترام کرنا

    اگر آپ ہمارے فیصلوں، خدمت یا اقدامات سے مطمئن نہيں ہیں، یا آپ محسوس کرتے ہيں کہ ہم نے چارٹر پر عملدرآمد نہيں کیا ہے تو آپ شکایت کرسکتے ہيں۔

    ہم مشورہ دیتے ہيں کہ:

    • پہلے قدم کے طور پر آپ یہ معاملہ اس ٹیکس افسر کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں جس کے ساتھ آپ بات چیت کرتے رہے ہيں (یا فراہم کردہ نمبر پر فون کریں)۔
    • اگر آپ مطمئن نہيں ہیں یا ٹیکس افسر کے ساتھ معاملہ اٹھانا آپ کے لئے مشکل ہو تو اس ٹیکس افسر کے مینجر سے بات کریں
    • اگر آپ اپنی شکایت پر عملدرآمد کے حوالے سے خوش نہیں ہیں تو ہماری شکایات لائن کو 1800 199 010 پر فون کریں۔

    آپ مندرجہ ذیل طریقوں سے شکایت کرسکتے ہيں:

    • شکایات فارم آن لائن جمع کروا کر
    • ہمیں ‎1800 060 063 پر Freefax بھیج کر

    ہم شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہيں۔ اگر آپ ہمارے پاس کسی قسم کے مسائل یا شکایات کے ساتھ آتے ہيں تو ہم انہیں تیزی سے اور منصفانہ انداز میں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ شکایات سے ہمیں اہم آراء بھی ملتی ہیں اور ان سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ہم اپنی خدمت کو کیسے بہتر بنا سکتے ہيں۔

    مزید دیکھیں:

    Inspector-General of Taxation

    اگر آپ کی کوئی شکایت ہے تو آپ کو پہلے قدم کے طور پر اسے ہمارے ساتھ حل کرنا چاہئے۔ اگر آپ ایسا نہيں کرسکتے یا آپ شکایت پر ہماری کاروائی سے مطمئن نہيں ہيں تو ہوسکتا ہے کہ
    Inspector-General of Taxation آپ کی مدد کرسکے۔

    اگلے اقدامات:

    آپ کے لئے قانون کی تعمیل کو آسان بنانا

    ہماری کوشش ہوتی ہے کہ مندرجہ ذیل کی مدد سے ہم اپنے ساتھ آپ کے معاملات کو جتنا ممکن ہوسکےسیدھا سادہ اور آسان بنائيں:

    • آپ کے لئے اپنی ذمہ داریوں کے سمجھنے اور یہ جاننے کو آسان بنا کر کہ آپ ان ذمہ داریوں پر کیسے پورا اترسکتے ہیں
    • قانون پر عملدرآمد کے لئے درکار کام، وقت اور کوشش کو کم کرکے جس سے آپ کے لئے عملدرآمد کرنا سستا ہوسکے
    • ایسی مصنوعات اور خدمات بنا کر جو آپ کی سمجھ میں آتی ہوں اور ایسے سسٹم فٹ کرکے جنہيں آپ روزانہ استعمال کرتے ہيں
    • ڈیجیٹل مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجی کو بہتر بنا کر تاکہ متعلقہ اور بروقت ‍خدمات فراہم کی جاسکیں۔

    یہ سب کچھ مؤثر انداز میں کرنے کے لئے ہم:

    • کمیونٹی سے باقاعدگی کے ساتھ مشاورت کرتے ہيں
    • کمیونٹی کو اپنی مصنوعات اور خدمات کے ڈیزائن میں شامل کرتے ہیں
    • ڈیجیٹل مصنوعات سمیت تمام مصنوعات کو ان کے استعمال کنندگان کی ضرورت کے مطابق ڈھالتے ہیں
    • مصنوعات اور خدمات کی پروٹوٹائپس یا نمونوں کو ان لوگوں کے ساتھ ٹیسٹ کرتے ہيں جنہوں نے انہيں استعمال کرنا ہے۔

    جوابدہ ہونا

    ہم اس چارٹر میں طے کردہ جوابدہ ہونے اور اپنے کئے گئے وعدے پر پورا اترنے کی ضرورت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہيں۔

    جب ہم آپ کے معاملات کے بارے میں کوئی فیصلہ کرتے ہيں تو ہم اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہيں اور آپ کو اس سے متعلقہ آپ کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بار ے میں بتاتے ہیں۔ اگر آپ کے کوئی سوالات ہوں یا آپ کو مزید معلومات درکار ہوں تو ہم آپ کو رابطہ نمبر دیتے ہيں۔

    اگر ہم کوئی مسئلہ جلد حل نہ کرسکیں تو ہم آپ کو اس پر ہونے والی پیشقدمی سے آگاہ رکھتے ہيں۔ ہم مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام مناسب اقدامات اٹھاتے ہيں۔

    ہم خدمت کے معیارات (مدّت) کے مقابلے میں اپنی کارکردگی کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کرتے ہيں۔۔

    مزید دیکھیں:

    ہمیں جو مسائل پیش آ رہے ہيں اور اپنے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج کی تفصیلات کو عوام کے علم میں لاتے ہيں۔

    ہم کمیونٹی کا سروے کرتے ہیں تاکہ اپنی پیشہ ورانہ خصوصیات کو مانیٹر کرسکیں اور یہ جانچ سکيں کہ ہم اپنے چارٹر کے عہدوپیمان کے مقابلے میں کیسی کارکردگی پپیش کررہے ہيں۔

    ہم پارلیمنٹ اور آسٹریلین عوام کو جوابدہ ہیں۔

    مزید دیکھیں:

    آپ کی ذمہ داریاں

    ہم آپ سے مندرجہ ذیل کی توقع رکھتے ہيں:

    سچا رہنا

    ٹیکس اور سپراینوایشن سسٹمز کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ مکمل اور درست معلومات فراہم کریں۔ اس میں مندرجہ ذیل شامل ہے:

    • اپنے ٹیکس ریٹرنز، ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹس اور دیگر دستاویزات پر درست معلومات فراہم کرنا
    • جب آپ کسی سے مشورہ لیں تو مکمل حقائق اور حالات کی تفصیلات فراہم کرنا
    • سوالات کا مکمل ، درست اور ایمانداری سے جواب دینا۔

    مزید دیکھیں:

    مطلوبہ ریکارڈ اپنے ہمراہ رکھنا

    قانون میں ان ریکارڈز کے بارے میں بتایا گیا ہے جن کا آپ کو اپنے ہمراہ رکھنا لازمی ہے۔

    اچھے ریکارڈز ہمراہ رکھنے سے آپ ٹیکس ریٹرنز، ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹس اور دیگر دستاویزات درست طور پر تیار کرسکتے ہيں اور اس کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے مالی معاملات پر نظر رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ عموما،
    آپ کے ریکارڈ انگریزی میں ہونے چاہئیں اور انہيں پانچ سال تک رکھا جانا چاہئے۔

    ہم مختلف طرح کے حالات کے لئے ریکارڈ رکھنے کے بارے میں معلومات شائع کرتے ہيں۔ اگر آپ مزید معلومات چاہتے ہيں تو ہماری ویب سائٹ پر جائیں یا ہم سے رابطہ کریں۔

    مزید دیکھیں:

    مناسب دھیان رکھنا

    آپ کو مناسب دھیان رکھنا ہوگا کہ آپ اپنے ٹیکس ریٹرنز، ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹس اور دیگر دستاویزات، جو آپ ہمیں فراہم کرتے ہیں، ان میں مکمل اور درست معلومات فراہم کریں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ اتنی احتیاط برتیں گے جتنی ایک مناسب شخص آپ کے حالات میں ہوتے ہوئے برتتا ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھا سکے۔

    آپ ہی اپنے معاملات کے ذمہ دار ہیں، باوجود اس کے کہ کسی اور شخص، بشمول ایک رجسٹرڈ ایجنٹ، نے آپ کی مدد کی ہو۔۔

    مزید دیکھیں:

    مقررہ تاریخ سے پہلے دائر کرنا

    ٹیکس ریٹرنز، ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹس، دیگر دستاویزات اور معلومات مخصوص تاریخوں تک دائر کی جانی چاہئيں یا واپس بھیجی جانی چاہئیں۔ اگر ان تاریخوں پر عملدرآمد میں آپ کو مشکل پیش آرہی ہو تو دستاویز یا معلومات فراہم کرنے کی آخری تاریخ سے قبل ہم سے رابطہ کریں۔ آپ کے حالات کی بنیاد پر ہوسکتا ہے کہ ہم آپ کو اضافی وقت دے سکتے ہوں۔

    اگر آپ واجب الادا رقم کی ادائیگی نہ کرسکتے ہوں تب بھی آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ ٹیکس ریٹرن یا ایکٹیویٹی اسٹیٹمنٹ وقت پر جمع کرائیں۔ ہوسکتا ہے کہ ہم آپ کو رقم کی ادائیگی کے لئے اضافی وقت دے سکتے ہوں ('مقررہ تاریخ تک ادائیگی کرنا' دیکھیں)۔

    اگر آپ وقت پر دائر نہیں کرتے تو جرمانوں کا اطلاق ہوسکتا ہے۔

    مزید دیکھیں:

    مقررہ تاریخ تک ادائیگی کرنا

    آپ کو ٹیکس اور واجب الادا دیگر رقوم مقررہ تاریخ تک ادا کرنی ہوں گی۔ اگر آپ کو مشکل پیش آ رہی ہے تو ہم سے جتنی جلدی ممکن ہوسکے رابطہ کرکے اپنی صورتحال پر بات چیت کریں، ترجیحا مقررہ تاریخ سے پہلے رابطہ کریں۔ یہ ممکن ہے کہ ادائیگی کی مدت میں سود وصول کئے بغیر ہی توسیع کی جاسکے، یا پھر قسطوں میں ادائیگی پر بات چیت کی جاسکے۔ اگرچہ آپ لمبے دورانیے کے لئے اقساط میں ادائیگی شروع کرسکتے ہیں، تاہم آپ کو پہلے سے ہی تاخیر شدہ ادائیگیوں پر سود ادا کرنا ہوگا۔

    مزید دیکھیں:

    تعاون کرنا

    ہم آپ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ آپ کو رضاکارانہ طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد مل سکے۔ اگر آپ نے تعاون نہ کیا یا رکاوٹیں ڈالیں تو ہوسکتا ہے کہ ہمیں سخت اقدامات اٹھانے پڑیں۔ مثال کے طور پر ہمارے پاس باضابطہ رسائی کے اور معلومات اکٹھی کرنے کے اختیارات ہيں جنہيں ضرورت ہونے پر ہم استعمال کرسکتے ہيں۔ جرمانوں کا اطلاق ہوسکتا ہے اور جو لوگ رکاوٹیں کھڑی کریں گے ان کے خلاف مقدمہ کی کاروائی کی جاسکتی ہے۔

    ہم کہتے ہيں کہ آپ ہمارے ساتھ بھی اسی شائستگی، دھیان اور احترام سے پیش آئیں جس کی آپ ہم سے توقع کرتے ہيں اور جو آپ کو ملے گا۔ اگر ہمیں غیر مہذب یا گالی گلوچ والے رویّے کا سامنا کرنا پڑا تو ہوسکتا ہے کہ ہم اپنے عملے کی حفاظت اور فلاح کے لئے انٹرویو یا فون کال ختم کردیں۔

      Last modified: 29 Nov 2018QC 57506