آغاز کرنا
جی ایس ٹی کیا ہے؟
گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) آسٹریلیا میں بیچی یا استعمال کی جانے والی اکثر چیزوں اور خدمات پر 10 ٪ کے حساب سے لگنے والا ٹیکس ہے۔ اگر آپ کاروبار کرتے ہیں تو آپ کو جی ایس ٹی کا علم ہونا ضروری ہے۔
اگر آپ جی ایس ٹی کے لیے رجسٹرڈ ہیں یا آپ کے لیے رجسٹر کرنا لازمی ہے تو:
- اپنے گاہکوں کو قابل ٹیکس سیلز (جن چیزوں کی فروخت پر جی ایس ٹی واجب ہے) کی قیمت میں جی ایس ٹی کا اضافہ کریں
- اگر آپ کی سیلز 'جی ایس ٹی فری' یا ‘input taxed‘ ہیں تو جی ایس ٹی شامل نہ کریں
- بالعموم، اگر اپنے کاروبار کے لیے آپ کی خریداریاں جی ایس ٹی فری یا قابل ٹیکس سیلز کے لیے کی گئی تھیں تو آپ خریداریوں کی قیمت میں شامل جی ایس ٹی کے لیے کریڈٹس (رقم کی واپسی) طلب کر سکتے ہیں۔
جی ایس ٹی اور اشیاۓ خوردنی
اگر آپ اپنے کاروبار میں اشیاۓ خوردنی فروخت کرتے ہیں تو آپ کو پتا ہونا ضروری ہے کہ آپ کن چیزوں پر جی ایس ٹی لگائیں گے۔
تمام اشیاۓ خوردنی کی فروخت پر یہ ٹیکس نہیں لگتا۔ کچھ اشیاۓ خوردنی جی ایس ٹی فری ہیں۔ آپ جی ایس ٹی فری اشیاۓ خوردنی کی قیمت میں جی ایس ٹی شامل نہیں کرتے۔
'جی ایس ٹی فری' کھانے اور پینے کی چیزوں کی مثالیں یہ ہیں:
- میٹھی تہ یا میٹھی فلنگ کے بغیر ڈبل روٹی اور بریڈ رولز
- کھانا پکانے کے اجزا جیسے آٹا، چینی اور کیک مکس
- پکانے میں استعمال ہونے والی چکنائیاں اور تیل
- ذائقہ ملاۓ بغیر دودھ، کریم، پنیر اور انڈے
- مصالحے اور چٹنیاں
- پھلوں اور سبزیوں کے جوس جن میں کم از کم 90٪ مقدار پھلوں یا سبزیوں کے جوس کی ہو
- بوتل بند پینے کا پانی
- چاۓ اور کافی (سواۓ پینے کے لیے تیار چاۓ، کافی کے)
- شیر خوار بچوں کی خوراک اور فارمولا دودھ (12 ماہ سے کم عمر کے بچوں کے لیے)
- لوگوں کے کھانے کے لیے گوشت (سواۓ تیار کھانوں یا سنیکس کے)
- پھل، سبزیاں، مچھلی اور سوپ (لیکن گرم سوپ نہیں)
- ڈبل روٹی پر لگانے کی چیزیں جیسے شہد، جام اور پینٹ بٹر
- ناشتے کے سیریل
خواہ آپ کی ایک چیز جی ایس ٹی فری ہو، کچھ حالات میں اس پر ٹیکس لگ سکتا ہے۔ مثال کے طور پر بریڈ رولز جی ایس ٹی فری ہیں، سواۓ اس کے کہ آپ انہیں ریستوران میں فروخت کریں اور آپ کے گاہک انہیں ریستوران میں کھائیں۔
'قابل ٹیکس کھانے اور پینے کی چیزوں' کی مثالیں یہ ہیں:
- بیکری کی مصنوعات جیسے کیک، پیسٹری اور پائی
- بسکٹ، کرسپ بریڈ، کریکرز، پریٹزل، کون اور ویفرز
- نمکین سنیکس جیسے آلو کے چپس
- مٹھائیاں بشمول چاکلیٹ، ٹافیوں اور میوزلی بارز
- آئس کریم اور اس سے ملتی جلتی مصنوعات
- سافٹ ڈرنکس اور ذائقہ ملایا گیا دودھ جیسے چاکلیٹ ملک
- فوڈ پلیٹر (ملی جلی کھانے کی چیزوں کا تھال)
- تیار کھانے کے طور پر فروخت کی جانے والی خوراک جیسے سوشی، سالن اور چاول کے پکوان
- فروخت کے مقام پر جیسے ریسٹورنٹ اور کیفے میں کھائی اور پی جانے والی تمام اشیاۓ خوردنی اور مشروبات
- ٹیک اوے کے طور پر فروخت کیے جانے والے تمام گرم کھانے
- وہ کھانے کی چیزیں جو انسانوں کے استعمال کے لیے نہیں، جیسے پالتو جانوروں کی خوراک
- ان اشیاۓ خوردنی جیسی اشیاۓ خورنی جو جی ایس ٹی کے قانون میں بالخصوص قابل ٹیکس اشیاء کے طور پر درج ہیں
- مشروبات اور مشروبات کے اجزا جو جی ایس ٹی کے قانون میں جی ایس ٹی فری چیزوں کے طور پر درج نہیں
- وہ مصنوعات جنہیں جی ایس ٹی کے قانون کے تحت تب تک اشیاۓ خوردنی نہیں سمجھا جاتا جب تک وہ پراسیسنگ یا تیاری کے عمل سے نہ گزریں ان میں یہ شامل ہیں:
- سخت خول والے سمندری جانوروں یا گھونگوں وغیرہ کے علاوہ کوئی زندہ جانور
- پراسیسنگ اور تیاری کے بغیر غلہ، اناج یا گنا
- زندہ پودے (جیسے سلاد کی پنیری یا گملے میں اگی جڑی بوٹی)
یہ بھی دیکھیں:
جی ایس ٹی اور اشیاۓ خوردنی کی سپلائی کا سلسلہ
جی ایس ٹی اشیاۓ خوردنی کی سپلائی کے سلسلے کے بعض مراحل پر لگتا ہے۔ جی ایس ٹی تب لگتا ہے جب سپلائی کے وقت مصنوعات یا تو:
- سپلائی کے سلسلے کے اس مخصوص مرحلے پر انسانی استعمال کے لیے نہ ہوں، یا
- جی ایس ٹی کے قانون کے تحت قابل ٹیکس ہوں۔
اگر آپ ایک جی ایس ٹی رجسٹرڈ کاروبار ہیں تو آپ اپنے کاروبار کے لیے جی ایس ٹی سمیت قیمت ادا کر کے خریدی جانے والی اشیاۓ خوردنی کے لیے 'جی ایس ایس کریڈٹس' (جی ایس ٹی کی واپسی) کا دعوی کرسکتے ہیں۔
آپ 'تفریحی خرچ' کے طور پر فراہم کردہ اشیاۓ خوردنی کے لیے جی ایس ٹی کریڈٹس کا دعوی نہیں کر سکتے، اگر آپ اس کے لیے انکم ٹیکس میں رعایت طلب نہ کر سکتے ہوں۔
مثال: اشیاۓ خوردنی کی سپلائی کے سلسلے میں جی ایس ٹی کب لگتا ہے؟
پودوں کی نرسری ایک جی ایس ٹی رجسٹرڈ کاروباری باغبان کو سلاد کی پنیری بیچتی ہے۔ یہ پنیری قابل ٹیکس فروخت ہے کیونکہ یہ اگتے ہوۓ پودے ہیں۔
پودوں کی نرسری گاہک سے جی ایس ٹی وصول کر کے ہمیں دیتی ہے۔
کاروباری باغبان پنیری کی قیمت میں شامل جی ایس ٹی کے لیے جی ایس ٹی کریڈٹ کا دعوی کر سکتا ہے۔
کاروباری باغبان سلاد کی افزائش کرتا ہے، سلاد توڑتا ہے اور اسے سبزیوں کے تھوک فروش کو بیچ دیتا ہے۔ کاروباری باغبان کی طرف سے سلاد کی فروخت جی ایس ٹی فری ہے کیونکہ اب یہ انسانی استعمال کے لیے ہے اور اس فروخت پر ٹیکس نہیں لگتا۔
سبزیوں کا تھوک فروش ایک سپر مارکیٹ کو یہ سلاد جی ایس ٹی فری بیچتا ہے۔
سپرمارکیٹ گاہک کو یہ سلاد جی ایس ٹی فری بیچتی ہے۔
End of exampleاشیاۓ خوردنی کی فروخت اور استعمال کے مقام سے جی ایس ٹی پر اثر پڑتا ہے
فروخت کے مقام پر کھائی اور پی جانے والی تمام اشیاۓ خوردنی اور مشروبات قابل ٹیکس سیلز ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے گاہکوں سے کھانے اور پینے کی چیزوں کی قیمت جی ایس ٹی سمیت لیتے ہیں اور اگر آپ ایسی جگہوں پر کھانے اور پینے کی چیزیں بیچ رہے ہوں تو یہ جی ایس ٹی آپ ہمیں دینے کے پابند ہیں:
- ریسٹورنٹ یا کیفے، سنیک بار یا سٹینڈ، ہوٹل، کلب، کشتی، کیٹرنگ والی تقریبات اور ایسی جگہوں کے گرد میدان
- مشاغل فرصت،کھیل یا تفریح سے وابستہ مقامات جیسے
- کھیلوں کے میدان
- گالف کورس
- جم
- ریس کورس
- تھیٹر
- عجائب گھر
- گیلریاں
- سینما
- تفریحی پارک
کچھ صورتوں میں خیراتی ادارے، خیراتی فنڈ، تحائف کو ٹیکس میں سے منہا کر سکنے والی اکائیاں اور سرکاری سکول (مثلا" ٹک شاپ) جو فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے کھانے پینے کی چیزیں بیچ رہے ہوں، وہ کھانے پینے کی چیزوں کی سپلائی کو 'input taxed' سمجھ سکتے ہیں اور جی ایس ٹی کے بغیر فروخت کر سکتے ہیں۔
مثالیں
آن کی بیکری
آن اپنی بیکری میں ڈبل روٹی اور سادہ بریڈ رولز بیچتی ہے، میٹھی فلنگ یا میٹھی تہ کے بغیر۔ وہ اپنے گاہکوں کو اس ارادے سے ڈبل روٹی بیچتی ہے کہ وہ اسے کسی اور جگہ کھائیں گے۔
اسے اپنے گاہکوں سے جی ایس ٹی لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
ایمان کا ریسٹورنٹ
ایمان اپنے ریسٹورنٹ میں سادہ بریڈ رولز بیچتا ہے۔ یہ ریسٹورنٹ میں پیش کیے جاتے ہیں اور وہیں کھانے کے لیے ہیں۔
ایمان اپنے گاہکوں سے جی ایس ٹی لیتا ہے اور وہ یہ جی ایس ٹی ہمیں دیتا ہے۔
علی کی کافی وین
علی ایک وین میں کافی کا کاروبار کرتا ہے۔ وہ اپنی وین چلا کر میلوں ٹھیلوں اور پروگراموں تک لے جاتا ہے۔ وہ چائے، کافی اور ہاٹ چاکلیٹ جیسے مشروبات فروخت کرتا ہے۔ وہ بوتل بند پانی بھی بیچتا ہے۔ چائے، کافی اور ہاٹ چاکلیٹ قابل ٹیکس ہیں کیونکہ یہ 'پینے کے لیے تیار' ہیں۔ بوتل بند پانی بھی قابل ٹیکس ہے کیونکہ یہ اس ارادے کے ساتھ فروخت کیا جا رہا ہے کہ گاہک اسے پروگرام میں پیئیں گے۔
علی اپنے گاہکوں سے جی ایس ٹی لیتا ہے اور وہ یہ جی ایس ٹی ہمیں دیتا ہے۔
ہاروکا کی جوس بار
ہاروکا ایک فوڈ کورٹ میں جوس بار چلاتی ہے۔ وہ 100٪ پھلوں کا جوس، سمودی اور بوتل بند پانی بیچتی ہے، جو سب کے سب قابل ٹیکس ہیں کیونکہ یہ فوڈ کورٹ میں پینے کے لیے ہیں۔
ہاروکا اپنے گاہکوں سے جی ایس ٹی لیتی ہے اور وہ یہ جی ایس ٹی ہمیں دیتی ہے۔
End of exampleمزید معلومات
مزید معلومات کے لیے:
- یہاں ہماری ویب سائیٹ دیکھیں
- فون
- انگلش کے علاوہ کسی اور زبان میں ہمارے ساتھ بات کرنے کے لیے 50 14 13 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس) کو فون کریں۔
- پیر تا جمعہ، صبح 8.00 بجے سے شام 6.00 بجے تک 66 28 13 پر فون کریں۔
- ہم سے ملیں
- اپنے ٹیکس ایجنٹ یا BAS ایجنٹ سے بات کریں۔