ato logo
Search Suggestion:

سپراینوئیشن کی غیر قانونی سکیمیں - وقت سے پہلے سپر سے پیسے نکالنے کی پیشکشوں سے خبردار رہیں

What to do if you have you been told you can access your super early and the penalties that may apply if you do.

Last updated 19 April 2023

سپراینوئیشن کے بارے میں معلومات

سپراینوئیشن یا 'سپر' وہ رقم ہے جو آپکے برسر روزگار ہونے کے تمام عرصے میں الگ جمع کی جاتی ہے تاکہ یہ ریٹائرمنٹ میں آپ کی آمدن کا ذریعہ ہو۔

سپر اہم ہے کیونکہ آپ جتنی زیادہ سپر جمع کریں گے، آپ کے پاس ریٹائرمنٹ میں اتنے ہی زیادہ پیسے ہوں گے۔

کچھ لوگ یہ بتاتے ہوئے سپر سکیموں کا پرچار کرتے ہیں کہ وہ آپ کو ابھی سپر سے پیسے لینے کے لیے مدد دے سکتے ہیں تاکہ آپ کریڈٹ کارڈ کا قرض اتارنے، مکان یا گاڑی خریدنے یا سیروسیاحت جیسے کام کر سکیں۔

یہ سکیمیں غیر قانونی ہیں اور یہ آپ کو سپر سے نکالے جانے والے پیسوں سے کہیں زیادہ مہنگی پڑ سکتی ہیں۔

اگر آپ سے کسی ایسی سکیم کے سلسلے میں رابطہ کیا جائے تو فوراً مشورے کے لیے اور اپنی سپر کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں 13 10 20 پر فون کریں۔

اگر آپ ہمارے ساتھ انگلش کے علاوہ کسی اور زبان میں بات کرنا چاہتے ہیں تو 50 14 13 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس) کو فون کریں۔ یہ سروس انٹرپریٹر کے ساتھ ہمیں فون کرے گی تاکہ ہم آپ کے معاملے میں مدد کر سکیں۔

سپر کی غیر قانونی سکیمیں کیسے کام کرتی ہیں

سپر کی غیر قانونی سکیموں میں بالعموم کوئی شخص آپ کو آپ کی سپر سے جلد پیسے نکالنے کے لیے مدد پیش کر رہا ہوتا ہے۔

سپر کی غیر قانونی سکیموں کا پرچار کرنے والے بالعموم:

  • دعوی کرتے ہیں کہ آپ ابھی اپنی سپر کو اپنی مرضی سے کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں - جو سچ نہیں ہے
  • آپ کو آپ کے موجودہ سپر فنڈ سے سپر کسی سیلف مینیجڈ سپر فنڈ (SMSF) میں منتقل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں اور اکثر وہ یہ نیا فنڈ بنانے کے لیے آپ کو مدد بھی دیتے ہیں
  • آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ جعلی کاغذات استعمال کر کے ریلیز کی شرط کیسے پوری کر سکتے ہیں
  • اپنی خدمات کے لیے بھاری فیس لیتے ہیں
  • آپ کے شناختی کاغذات مانگتے ہیں جنہیں وہ آپ کی شناخت چوری کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

سپر کی غیر قانونی سکیمیں اکثر ان لوگوں کو نشانہ بناتی ہیں جو مالی مشکلات کا شکار ہوں یا جو سپر کے قوانین نہ سمجھتے ہوں۔

'ریلیز کی شرط' پوری کیے بغیر کسی بھی سپر فنڈ سے اپنی سپر نکالنا یا دوسروں کو اس کی ترغیب دینا غیر قانونی ہے۔

سپر کی غیر قانونی سکیموں کے نتیجے میں آپ کی شناخت چوری ہو سکتی ہے

اگر آپ ایسی کسی سکیم میں شریک ہوں تو آپ کو شناخت کی چوری کا نشانہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کوئی اور آپ کی ذاتی تفصیلات کو استعمال کرتے ہوئے یہ ظاہر کرے کہ یہ آپ ہیں تاکہ اس طرح وہ فراڈ یا دوسرے جرائم کا ارتکاب کرے۔

شناخت کی چوری اور غلط استعمال ہو جانے کے بعد مسائل دور کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

SMSF میں سپر بھیجنا (رول اوور)

سپر کی اکثر غیر قانونی سکیمیں آپ سے آپ کی سپر موجودہ سپر اکاؤنٹ سے ایک نئے بنائے گئے SMSF میں منتقل کرنے کا تقاضا کرتی ہیں۔ اسے 'رول اوور' کہا جاتا ہے۔

اپنی سپر رول اوور یا ٹرانسفر کرنے سے پہلے اپنے سپر فنڈ سے رابطہ کریں۔ فنڈ آپ کو بتا سکتا ہے کہ آپ اپنی سپر لے سکتے ہیں یا نہیں۔

ہم رول اوور کی کارروائی کو بہتر بنانے اور آپ کی ریٹائرمنٹ کے لیے بچت کو غیر قانونی سکیموں سے محفوظ رکھنے کے لیے سپر فنڈز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

آپ قانونی طور پر اپنی سپر سے پیسے کب لے سکتے ہیں

بالعموم آپ اپنی سپر سے صرف تب پیسے لے سکتے ہیں جب آپ ‘preservation age’ (ریٹائرمنٹ کی عمر) میں پہنچ جائیں اور کام کرنا چھوڑ دیں۔

اس وقت آسٹریلیا میں 1 جولائی 1960 سے پہلے پیدا ہونے والوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال ہے۔ اس کے بعد سے یہ عمر بتدریج بڑھتی ہے۔ 30جون 1964 سے پہلے پیدا ہونے والوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال ہے۔

بعض خاص حالات میں آپ قانونی طور پر اپنی سپر سے جلد پیسے لے سکتے ہیں۔ ان میں بعض خاص طبی مسائل یا شدید مالی مشکلات شامل ہیں۔

یہ پتہ کرنے کے لیے کہ کیا آپ کو اپنی سپر وقت سے پہلے لینے کا حق حاصل ہے:

قانونی طور پر اپنی سپر وقت سے پہلے لینے کے لیے آپ کو کسی کو کوئی ایپلیکیشن فیس نہیں دینی پڑتی۔

آسٹریلیا میں عارضی رہائشی

عارضی رہائشی کی حیثیت سے ممکن ہے کہ آپ کو آسٹریلیا چھوڑتے ہوئے اپنی سپر کے پیسے لینے کا حق حاصل ہو۔ اس ادائیگی کو ڈیپارٹنگ آسٹریلیا سپر پیمنٹ (DASP) کہا جاتا ہے۔

اگر مندرجہ ذیل باتیں درست ہیں تو آپ DASP کی درخواست دے سکتے ہیں:

  • آپ عارضی ویزے (سب کلاس 405 اور سب کلاس 410 کے علاوہ) پر آسٹریلیا آئے تھے
  • اب آپ کا ویزا مؤثر نہیں ہے
  • آپ آسٹریلیا سے جا چکے ہیں

یہ ادائیگی آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کے شہریوں یا مستقل رہائشیوں کے لیے دستیاب نہیں ہے۔

غیر قانونی طور پر سپر سے جلد پیسے لینے پر پینلٹیز

غیر قانونی طور پر سپر سے جلد پیسے لینے پر بھاری پینلٹیز لگتی ہیں۔ پروموٹر آپ کی سپر میں سے جو فیسیں لے، آپ انہیں بطور کٹوتی کلیم نہیں کر سکتے۔

اگر آپ غیر قانونی طور پر اپنی سپر سے جلد پیسے لیں تو:

  • آپ نے سپر سے جو پیسے لیے ہوں، ان پر آپ کو سود اور پینلٹیز ادا کرنی پڑ سکتی ہیں
  • یہ سپر آپ کی قابل ٹیکس آمدنی میں شامل ہے چاہے آپ بعد میں اسے واپس فنڈ میں ڈال دیں

اگر آپ کسی سکیم میں شامل ہو چکے ہیں تو از خود ہمیں رپورٹ کرنے کے لیے فوراً رابطہ کریں۔ آئندہ اقدام کا فیصلہ کرتے ہوئے ہم آپ کے حالات کو مدّنظر رکھیں گے۔

SMSFs کے ممبرز اور ٹرسٹیز

ٹرسٹی وہ شخص ہوتا ہے جو سپر فنڈ کو مینیج کرتا ہے۔ SMSF اور دوسری قسموں کے فنڈز کے درمیان فرق یہ ہے کہ SMSF کے ممبرز اس کے ٹرسٹیز ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے مفاد میں SMSF چلاتے ہیں۔

اگر آپ SMSF کے ٹرسٹی ہیں اور آپ وقت سے پہلے سپر لینا ممکن بنائیں تو آپ کو:

  • انتظامی سزائیں مل سکتی ہیں
  • ڈس کوالیفائی کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کو ڈس کوالیفائی کر دیا جائے تو آپ SMSF کے ٹرسٹی کا کردار ادا نہیں کر سکتے اور آپ کا نام آن لائن شائع کر دیا جائے گا۔

دوسری پینلٹیز بھی ہو سکتی ہیں جن کا انحصار سکیم میں آپ کے کردار پر ہے۔

پروموٹرز

غیر قانونی طور پر جلد سپر لینے کی ترغیب دینے والوں یا پرچار کرنے والوں کو 'پروموٹرز' کہا جاتا ہے۔ مندرجہ ذیل قوانین کی خلاف ورزی پر ہم اور آسٹریلین سیکیورٹیز اینڈ انویسٹمنٹس کمیشن (ASIC) ان کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتے ہیں:

  • سپراینوئیشن انڈسٹری (سپرویژن) ایکٹ 1993
  • کارپوریشنز ایکٹ 2001
  • آسٹریلین سیکیورٹیز اینڈ انویسٹمنٹس کمیشن ایکٹ 2001۔

خلاف ورزی میں گمراہ کن طرزعمل اور آسٹریلین فنانشل سروسز لائسنس کے بغیر فنانشل پراڈکٹس کے متعلق مشورہ دینا شامل ہو سکتا ہے۔

سول (دیوانی) اور کریمینل (فوجداری) پینلٹیز دی جا سکتی ہیں جن میں بھاری جرمانے اور سزائے قید شامل ہیں۔

ہمیں غیر قانونی سکیموں کے متعلق بتائیں

اگر کسی نے آپ سے رابطہ کر کے یہ بتایا ہے کہ آپ وقت سے پہلے اپنی سپر سے پیسے لے سکتے ہیں تو:

  • اس سکیم، ادارے یا اس شخص سے واسطہ بالکل ختم کر دیں۔
  • کسی قسم کے کاغذات پر دستخط نہ کریں۔
  • انہیں اپنی ذاتی تفصیلات جیسے ٹیکس فائل نمبر (TFN) یا پاس ورڈز نہ دیں۔
  • فوراً 13 10 20 پر ہمیں فون کریں اور اپنی صورتحال بتائیں۔ اگر آپ ہمارے ساتھ انگلش کے علاوہ کسی اور زبان میں بات کرنا چاہتے ہیں تو 50 14 13 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس) کو فون کریں۔ یہ سروس انٹرپریٹر کے ساتھ ہمیں فون کرے گی تاکہ ہم آپ کے معاملے میں مدد کر سکیں۔

مزید معلومات

سپر کے بارے میں مزید معلومات کے لیے Your superannuation basics (سپر کے متعلق بنیادی معلومات) دیکھیں۔

اس بارے میں مزید معلومات کے لیے کہ آپ کن صورتوں میں اپنی سپر سے جلد پیسے لے سکتے ہیں اور کن صورتوں میں نہیں لے سکتے:

اگر آپ ہمارے ساتھ انگلش کے علاوہ کسی اور زبان میں بات کرنا چاہتے ہیں تو 50 14 13 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس) کو فون کریں۔ یہ سروس انٹرپریٹر کے ساتھ ہمیں فون کرے گی تاکہ ہم آپ کے معاملے میں مدد کر سکیں۔

ہمارے پاس انگلش کے علاوہ دوسری زبانوں میں معلومات دستیاب ہیں۔


QC72279